فیصل آباد ۔ 12 دسمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا ہے کہ گلف کو آپریشن کونسل سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ نے پاکستان کےلئے سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کو برآمدات کے نئے دروازے کھول دیے ہیں جن سے فائدہ اٹھانے کےلئے دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنایا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے ترکی اور سعودی عرب کی ممتاز کاروباری شخصیت شرکہ کسوہ البیضا کے چیئرمین عبدالراشد خان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکسٹائل فیصل آباد کی پہچان ہے ، یہاں عالمی معیار کی مصنوعات تیار اور برآمد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ سے قریب ہونے کی وجہ سے فیصل آباد کے برآمد کنندگان نہ صرف سعودی عرب کی ٹیکسٹائل کی تمام ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں بلکہ دیگر شعبوں میں تعاون کے بھی وسیع امکانات موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد چیمبر خاص طور پر عرب سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرتا ہے بلکہ انہیں ہر قسم کی ضروری سہولتیں بھی مہیا کی جائیں گی۔ اس موقع پر چیمبر کے نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی اور جی سی سی ریجن بارے قائمہ کمیٹی کے کنوینر حافظ شفیق کاشف بھی موجود تھے۔ شرکہ کسوہ البیضا کے چیئرمین عبدالراشد خان نے کہا کہ ترکی اور سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان سے بہت سی مصنوعات دوسرے ملکوں کے ذریعے درآمد کرتے ہیں تاہم ان کا فیصل آباد آنے کا مقصد یہ ہے کہ ٹیکسٹائل کی مصنوعات براہ راست فیصل آباد سے درآمد کی جائیں۔
انہوں نے پاکستان کی مصنوعات کے معیار کو بھی سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ حالیہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ سے پاکستان کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔