گلیات میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری،سات انچ برف ریکارڈ

76

ایبٹ آباد۔ 01 فروری (اے پی پی):گلیات میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی احسن حمید نے اے پی پی کو بتایا کہ گلیات میں برفباری کا تیسرا سپل جاری ہے اور وقفے وقفے سے نتھیاگلی،خیرا گلی،چھانگلہ گلی،ٹھنڈیانی سمیت گلیات کے تمام علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جو آج رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مختلف علاقوں میں چھ سے سات انچ تک برفباری ریکارڈ کی گئی ہے

گلیات میں برفباری نہ ہونے کے باعث پانی کی زیر زمین سطح بھی کم ہو گئی تھی اور لوگوں کو پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا تھا تاہم برفباری کے بعد لوگوں کا پانی کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہفتہ کے روز گلیات میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود نہیں ہے لیکن جی ڈی اے کا عملہ اور مشینری سیاحوں اور مقامی افراد کی مدد اور سہولیات کی فراہمی کے لیے موجود ہیں۔