گنے کی کرشنگ کے حالیہ سیزن کے دوران سیلز ٹیکس محصولات میں 31 فیصد اضافہ

گنے کی کرشنگ کے حالیہ سیزن کے دوران سیلز ٹیکس محصولات میں 31 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):گنے کی کرشنگ کے حالیہ سیزن کے دوران سیلز ٹیکس محصولات میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اعدادوشمار کے مطابق گنے کے حالیہ کرشنگ سیزن میں دسمبر 2021 تا مارچ 2022 میں چار ماہ کے مختصر عرصہ کے دوران چینی بنانے والی صنعتوں میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم (ٹی ٹی ایس) کے تحت سیلز ٹیکس محصولات 26.03 ارب روپے تک بڑھ گئے جبکہ گنے کے گزشتہ کرشنگ سیزن میں اسی عرصہ کے دوران 19.9 ارب روپے کی سیلز ٹیکس وصولیاں کی گئی تھیں۔

اس طرح گزشتہ کرشنگ سیزن کے مقابلہ میں گنے کے حالیہ کرشنگ سیزن میں ٹی ٹی ایس کے نفاذ سے سیلز ٹیکس محصولات میں 6.13 ارب روپے یعنی 31 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس دوران چینی کی پیداوار میں بھی 40 فیصد کی شرح نمو رہی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق گزشتہ کرشنگ سیزن میں چینی کی پیداوار 5.67 ملین ٹن رہی تھی تاہم حالیہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قومی پیداوار کا حجم 7.85 ملین ٹن رہا ہے۔ اس طرح گزشتہ کرشنگ سیزن کے مقابلہ میں گنے کے حالیہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قومی پیداوار میں بھی 2.18 ملین ٹن یعنی 39.7 فیصد کی نمایاں بڑھوتری ہوئی ہے