گوادر میں ماہی گیروں کیلئے چین 3200 سولر پینل فراہم کرے گا،وزیراعظم کا ماہی گیروں سے خطاب

گوادر ۔3جون (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماہی گیروں کی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے، گوادر کے شہریوں کو آسان شرائط پر سولر پینل فراہم کریں گے، بینکوں سے قرض کے حصول میں بھی آسانی پیدا کی جائے گی، غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کی ترقی اولین ترجیح ہے، ماہی گیروں کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گھر میں بجلی کی فراہمی ضروری ہے، گوادر میں ماہی گیروں کیلئے چین 3200 سولر پینل فراہم کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سولر پینل بینکوں کے ذریعے آسان شرائط پر ماہی گیروں کو فراہم کئے جائیں گے، ماہی گیر جتنا بجلی کا بل ادا کرتے ہیں اس سے کم سولر پینل کی قسط ادا کرکے بجلی کی سہولت سے استفادہ کریں گے، جب سولر پینل کی قیمت مکمل ادا ہو جائے گی تو ماہی گیروں کو مفت بجلی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مقامات پر سولر پارکس قائم کئے جائیں گے جس کے باعث ماہی گیروں کو نیشنل گرڈ کی بجائے براہ راست بجلی میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماہی گیروں کو مرحلہ وار کشتیوں کے انجن مفت فراہم کئے جائیں گے، پہلے مرحلہ میں 2 ہزار ماہی گیروں کو شفاف طریقہ سے قرعہ اندازی کے ذریعے انجن فراہم کئے جائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی سربراہی میں انتظامیہ کے تعاون سے یہ انجن جلد فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالنگ روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ جون کے آخر میں دوبارہ گوادر کا دورہ کریں گے اور ماہی گیروں کے مسائل ان کی زبانی تفصیلی طور پر سنیں گے ،ان مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش اور اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال بھی موجود تھے۔