کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ سبزی منڈی کھیالی کا دورہ کیا اور پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا
گوجرانوالہ،کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ سبزی منڈی کھیالی کا دورہ کیا

مزید خبریں
گوجرانوالہ۔ 07 ستمبر (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے ہمراہ سبزی منڈی کھیالی کا دورہ کیا اور پھلوں و سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر نے منڈی میں جاری نیلامی کے عمل، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے مختلف اشیائے ضروریہ کی طلب، رسد اور مارکیٹ صورتحال کے بارے میں بریفنگ لی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی کا عمل شفاف انداز میں یقینی بنایا جائے اور مارکیٹ میں قیمتوں کے استحکام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منڈی میں صفائی ستھرائی، قیمتوں کی نگرانی اور اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ صارفین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور متعلقہ افسران نے منڈی کے انتظامی امور اور نیلامی کے طریقہ کار کے حوالے سے کمشنر کو بریفنگ دی۔








