گوجر خان کو تعلیم کا مرکز بنانے کا خواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا ، راجہ پرویز اشرف

سابق وزیراعظم اور سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گوجر خان کو تعلیم کا مرکز بنانے کا خواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا اور پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی عمارت کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گ

لاہور۔18نومبر (اے پی پی):سابق وزیراعظم اور سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ گوجر خان کو تعلیم کا مرکز بنانے کا خواب جلد شرمندۂ تعبیر ہوگا اور پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کی عمارت کی تعمیر کا کام جلد شروع کر دیا جائے گا

جس کی تکمیل سے علاقے کے نوجوانوں کو اپنے ہی شہر میں اعلیٰ تعلیم کے معیاری اور بہترین مواقع میسر آئیں گے اور انہیں حصولِ علم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔راجہ پرویز اشرف نے بدھ کو وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کی دعوت پر یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا، جہاں ان کی وائس چانسلر سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے انہیں پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کے منصوبے کے مختلف پہلوئوں اور پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔منصوبے کے تحت کیمپس میں کالج آف فارمیسی کے علاوہ الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور کالج آف نرسنگ کے قیام کو بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف گوجر خان بلکہ گردونواح کے طلبہ و طالبات کو اعلی تعلیم اور طبی شعبے میں پیشہ ورانہ تعلیم حاصل کرنے کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس کا قیام علاقے کے تعلیمی مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کو معیاری اعلی تعلیم کے مواقع اپنے شہر میں فراہم کرنا ان کے مشن کا بنیادی حصہ ہے۔راجہ پرویز اشرف نے اس اہم تعلیمی منصوبے میں تعاون اور سرپرستی پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزیر احسن اقبال، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں سابق صوبائی وزیر سید حسن مرتضی بھی راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ موجود تھے۔پنجاب یونیورسٹی پوٹھوہار کیمپس گوجر خان کا منصوبہ علاقے میں تعلیمی ترقی، نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ اور طبی شعبے میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل سے گوجر خان کو تعلیم کا شہر بنانے کی جانب عملی پیش رفت ہوگی۔