بچے ہمارا قومی سرمایہ اور ملک و قوم کے روشن مستقبل کے حقیقی وارث ہیں، شاہد محمود انصاری

پاکستان چائلڈ رائٹس کمیٹی کے مرکزی چیئرمین شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ بچے ہمارا قومی سرمایہ اور ملک و قوم کے روشن مستقبل کے حقیقی وارث ہیں

ملتان ۔ 18 نومبر (اے پی پی):پاکستان چائلڈ رائٹس کمیٹی کے مرکزی چیئرمین شاہد محمود انصاری نے کہا ہے کہ بچے ہمارا قومی سرمایہ اور ملک و قوم کے روشن مستقبل کے حقیقی وارث ہیں۔

بچوں کو محفوظ، سازگار اور دوستانہ ماحول فراہم کرکے ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے۔ بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے میڈیا بیان میں انہوں نے کہا کہ بچوں کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، چائلڈ لیبر کے خاتمے، بچوں پر تشدد کی روک تھام، سمگلنگ اور بھیک مانگنے جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لیے ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔ بچوں اور بچیوں کو ہر قسم کے استحصال اور تشدد سے محفوظ رکھنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ شاہد محمود انصاری نے کہا کہ حکومتی اداروں، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے درمیان مؤثر رابطہ کاری بچوں کے حقوق کے تحفظ کا بہترین ذریعہ ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب اور پاکستان بیت المال کے سویٹ ہومز کی عملی کاوشیں حوصلہ افزا ہیں، تاہم قوانین پر مؤثر عملدرآمد مزید ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 28 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کے مسائل بھی تشویشناک ہیں۔

اسی طرح تقریباً 86 لاکھ بچوں کا مزدوری میں مصروف ہونا ایک بڑا سماجی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 28 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کے مسائل بھی تشویشناک ہیں۔ اسی طرح تقریباً 86 لاکھ بچوں کا مزدوری میں مصروف ہونا ایک بڑا سماجی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی آر سی پاکستان بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی، صوبائی اور ضلعی سطح پر نیٹ ورکنگ کو منظم کررہی ہے۔ رواں سال بچوں کے عالمی دن کا بین الاقوامی تھیم ’’میرا حق، میرے حقوق اور میرا مستقبل‘‘ ہے، جس کے تحت 26 نومبر سے ملک بھر میں آگاہی تقریبات اور سیشنز منعقد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بچوں کے روشن مستقبل کے لیے عملی اقدامات کو قومی ترجیح بنایا جائے۔