گورنرپنجاب سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور سمیت بین الصوبائی روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال

148

لاہور۔10دسمبر (اے پی پی):گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے منگل کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی۔

گورنر پنجاب اور پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی آمد پر ان کا پرجوش استقبال کیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت بین الصوبائی روابط بڑھانے اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گزشتہ روز ہونے والی(ن)لیگ اور پیپلزپارٹی کی پاورشیئرنگ کی میٹنگ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کو پی پی پی سے کئے گئے وعدے پورے کرنے چاہیئں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اتحاد اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)اور پاکستان پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس لاہور میں 24 دسمبر کو ہو گا،امید ہے اس کے بعد معاملات مزید بہتری کی طرف جائیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں پیپلزپارٹی کاکھویا ہوا مقام اور وقار دوبارہ بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری حقیقی معنوں میں نوجوانوں کے لیڈر ہیں، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لیے نوجوان قیادت کو آگے لانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا اگلا وزیراعظم بنائیں گے۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شہید جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گورنرپنجاب کی قیادت میں پیپلزپارٹی کو پنجاب میں مستحکم،پرجوش،متحرک اور متحد دیکھ کر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پیپلزپارٹی شہدا کی پارٹی ہے۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں تعلیم، صحت،روڈ انفراسٹرکچر کے حوالے سے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ میڈیا پر پروجیکشن بھی ہونی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب کے مابین تعلیمی، صحافیوں اور پارلیمانی وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی، پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، آصف ہاشمی، رانا فاروق، اسلم گل،مصباح الرحمن،اورنگزیب برکی،علامہ یوسف اعوان، میاں ایوب، علی بدر،چوہدری عاطف، نوید چوہدری، امتیاز صفدر وڑائچ اور فیصل میر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔