گورنر بلوچستان سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ کی ملاقات

گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش پیچیدہ چیلنجز سنجیدہ اقدامات اور پائیدار حل کے متقاضی ہیں، ملک کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے …

وئٹہ۔ 20 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش پیچیدہ چیلنجز  سنجیدہ اقدامات اور پائیدار حل کے متقاضی ہیں،  ملک کا معاشی مستقبل بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سے جڑا ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ اور صوبائی امیر اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ    جس طرح امن کے بغیر ترقی پروان نہیں چڑھ سکتی اسی طرح سماجی انصاف اور عوامی اعتماد کے بغیر امن قائم نہیں رہ سکتا۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا اشد ضروری ہے تاکہ ہر نوجوان پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں فعال شراکت دار بنے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ روشن مستقبل کی تعمیر کو یقینی بنانے کی خاطر پہلی شرط ہمارے نوجوانوں کے اصل کردار کو پہچاننا ہے،   ہماری کل آبادی کا سب سے بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے جن کی توانائی اور تخلیقی صلاحیتیں ہماری سب سے بڑی طاقت کی نمائندگی کرتی ہیں۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ حالات کا تقاضا ہے کہ ہم ہر قسم کے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کریں،   سیاسی رہنماؤں، مذہبی سکالرز اور معاشرے کے باشعور افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اجتماعی مفادات کو اجاگر کریں، پولیٹیکل ڈائیلاگ کی حوصلہ افزائی کریں، سماجی ہم آہنگی کو مضبوط کریں اور قوم کی ترقی میں عملی و تعمیری کردار ادا کریں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہم مشترکہ کوششوں کے ذریعے ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تعمیر کر سکتے ہیں۔