گورنر خیبرپختونخوا سے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان کی ملاقات

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان اورپیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حمایت اللہ خان نے ملاقات کی

پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان اورپیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین حمایت اللہ خان نے ملاقات کی،جس میں خیبرپختونخوا میں معیاری اور جدید آنکھوں کے علاج کی سہولیات کی فراہمی، نابینا پن کی روک تھام اور بالخصوص پشاور میں الشفا آئی ہسپتال کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق اس موقع پر جنرل (ر) رحمت خان نے گورنر کو الشفا ٹرسٹ کی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا میں آنکھوں کے امراض کے علاج کے لیے جدید طبی سہولیات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور میں الشفا آئی ہسپتال کا قیام صوبے کے عوام خصوصاً دور دراز علاقوں کے مریضوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی ہسپتال کے ایک یونٹ کا قیام ضروری ہے تاکہ جنوبی اضلاع کے غریب افراد کو دہلیز پر بنیادی اور ضروری طبی سہولیات میسر ہوں۔انہوں نے صوبے میں صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور عوامی فلاح کے منصوبوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ڈیرہ اسماعیل خان اور پشاور میں مجوزہ الشفا آئی ہسپتال کے قیام کے حوالہ سے متعدد پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر نے گورنرکو بتایا کہ الشفا ٹرسٹ 1985 میں قائم ہونے والا ایک غیر سرکاری اور فلاحی ادارہ ہے جو ملک بھر میں آنکھوں کے علاج، تربیت، تحقیق اور کمیونٹی آئی کیئر کے شعبوں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ ادارے کے تحت راولپنڈی، سکھر، کوہاٹ، مظفرآباد، چکوال اور گلگت سمیت متعدد آئی ہسپتال کام کر رہے ہیں جبکہ ہزاروں مستحق مریضوں کو مفت یا رعایتی علاج فراہم کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں