گورنر خیبرپختونخوا سے لکی مروت امن کمیٹی کے وفد کی ملاقات،علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لکی مروت امن کمیٹی کے سرکردہ رہنما ملک نصیر میداد خیل کی قیادت میں وفد نےملاقات کی

پشاور۔ 16 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے لکی مروت امن کمیٹی کے سرکردہ رہنما ملک نصیر میداد خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں لکی مروت میں امن و امان کی صورتحال،اس حوالہ سے امن کمیٹی کے فعال کردار ، علاقائی مسائل ، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر ہائوس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں علاقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالہ سے متعدد تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور عوام کا مشترکہ تعاون قیام امن کے حوالہ سے بہترین اور دور رس اثرات کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ یہی موقف رہا ہے کہ ہمارے خطہ میں امن کے لئے ہمیں خود کردار ادا کرکے اپنی نسلوں کا مستقبل بہتر بنانا ہوگا۔انہوں نے لکی مروت میں قیام امن کے حوالہ سے امن کمیٹی کے کردار کو سراہا ۔گورنر نے مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔