گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاوس پشاور میں پیپلز ڈاکٹرز فورم (پی ڈی ایف) کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد کی قیادت ڈاکٹر جانباز آفریدی کر رہے تھے، جبکہ مختلف طبی اداروں سے تعلق رکھنے والے متعدد ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
گورنر خیبرپختونخوا سے پیپلز ڈاکٹرز فورم (پی ڈی ایف) کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 23 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاوس پشاور میں پیپلز ڈاکٹرز فورم (پی ڈی ایف) کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد کی قیادت ڈاکٹر جانباز آفریدی کر رہے تھے، جبکہ مختلف طبی اداروں سے تعلق رکھنے والے متعدد ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے پشاور میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل کالج اور بینظیر ہسپتال کے قیام، موجودہ سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی، نئے ہسپتالوں اور نرسنگ کالجز کے قیام سمیت صحت کے شعبے سے متعلق مختلف مطالبات اور تجاویز پیش کیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کے مطالبات اور تجاویز صوبائی حکومت کے سامنے مؤثر انداز میں اٹھائے جائیں گے۔
انہوں نے وفد کی سفارشات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں تاکہ وہ اپنے مسائل براہِ راست پیش کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے مطابق نئے ہسپتالوں اور نرسنگ کالجز کے قیام میں خاطر خواہ پیش رفت نہیں کر سکی، جبکہ دیگر صوبوں میں صحت کے شعبے کے کامیاب ماڈلز سے استفادہ کرتے ہوئے خیبرپختونخوا میں بھی جدید طبی سہولیات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔گورنر نے خیبرپختونخوا میں سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کی طرز پر ایک جدید طبی ادارے کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں الشفا کیمپ، پاکستان ہلال احمر سوسائٹی، سندس فاؤنڈیشن اور اتفاق کڈنی سینٹر جیسے ادارے صحت عامہ کی بہتری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اس لیے وہ ترقی اور خوشحالی کے حق دار ہیں۔ سابق فاٹا اصلاحات کے تحت مختص سالانہ 100 ارب روپے سمیت تمام وسائل عوامی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے شفاف انداز میں استعمال ہونے چاہییں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے اور خیبرپختونخوا چیمپئنز لیگ (کے سی ایل) نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔ انہوں نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی مایوسی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باعزت روزگار، تعلیم اور کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔پیپلز ڈاکٹرز فورم کے ارکان نے ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے تعاون کی یقین دہانی پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کاکیک بھی کاٹا گیا۔








