گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایم ڈی نیسپاک محمد زرغام اسحاق خان کی ملاقات

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایم ڈی اینڈ صدر نیسپاک محمد زرغام اسحاق خان نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں زیرِ عمل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرگورنر نے …

اسلام آباد۔30ستمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ایم ڈی اینڈ صدر نیسپاک محمد زرغام اسحاق خان نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں زیرِ عمل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پرگورنر نے کہا کہ نیسپاک کا تجربہ اور تکنیکی قابلیت خیبرپختونخوا کی ترقی میں ایک اہم اثاثہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں، پلوں، تعلیمی اداروں اور واٹر ریسورس منصوبوں پر نیسپاک کی خدمات تیز کرنے سے عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی۔اس موقع پر محمد زرغام اسحاق خان نے بتایا کہ نیسپاک خیبرپختونخوا میں متعدد اہم منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں خیبر پاس اکنامک کوریڈور کے ماسٹر پلان منصوبے، صوبائی تعلیمی عمارات کی ڈیزائن و نگرانی کی خدمات، اور اہم ڈیم و واٹر ریسورس کام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمپنی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے رہی ہے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہوں اور معیارِ کار میں کمی نہ آئے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئندہ مشترکہ منصوبہ بندی اور شفاف نگرانی کے ذریعہ منصوبوں کی تکمیل میں سرعت لائی جائے گی۔ اس موقع پر یہ طے پایا کہ نیسپاک جلد ہی صوبے کے دیگر اضلاع خصوصا ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی پلان کا خاکہ پیش کرے گی تاکہ ترقیاتی کاموں اور عوامی خدمت کا دائرہ وسیع کیا جاسکے۔