گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔8جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے گورنر ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں خیبرپختونخوا میں معدنیات، سیاحت، توانائی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا قیمتی اور نایاب معدنی وسائل سے مالامال ہے جن میں وسیع سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔دونوں رہنمائوں نےقبائلی اضلاع اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کے لیے تعلیمی اسکالرشپس کے فروغ پر بھی گفتگو کی۔پاکستان اور امریکہ کے درمیان خیبرپختونخوا میں ترقیاتی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اورصوبے میں پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے کردار پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نےصوبے میں توانائی، سیاحت اور انسانی وسائل کی ترقی کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔امریکی ناظم الامور نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو جدید تربیت اور ہنر کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے امریکی سرمایہ کاروں کوخیبرپختونخوا کے معدنیات، سیاحت، توانائی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی گئی۔ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدان میں موجود ٹیلنٹ کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبر کرکٹ لیگ کا انعقاد جولائی میں کیا جا رہا ہے،تجارت کے حجم میں اضافے کے لیے دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے پشاور میں امریکی قونصل خانے کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا۔امریکی ناظم الامور نے گلگت بلتستان انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی پر گورنر خیبرپختونخوا کو مبارکباد دی۔اس حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ جی بی انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو اور کارکنان کی مؤثر انتخابی مہم کے باعث پیپلز پارٹی کو کامیابی ملی۔گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا۔








