گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف گلوکار رحیم شاہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پشتو موسیقی، ثقافت، مقامی میلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف گلوکار رحیم شاہ کی ملاقات

مزید خبریں
پشاور۔ 19 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے معروف گلوکار رحیم شاہ نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پشتو موسیقی، ثقافت، مقامی میلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر ہاؤس پشاور سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختونخوا چیمپئن لیگ کے سی ای او سہیل کنڈی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ثقافت، زبان اور ادبی ورثے کا تحفظ اور فروغ انکی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتو موسیقی اور ثقافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نئی نسل اپنی روایات سے جڑی رہے۔
گورنر نے کہا کہ ہم حضرت رحمان باباؒ کا نام بڑے احترام سے لیتے ہیں، مگر ان کے مزار کی موجودہ حالت ہماری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عظیم شعراء، ادیبوں اور فنکاروں کے ورثے کو محفوظ رکھنا اور اسے آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فن، ثقافت اور موسیقی امن، محبت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس موقع پر معروف گلوکار رحیم شاہ نے کہا کہ صوبے کے کالجز میں ثقافتی اور موسیقی کے شوز کا انعقاد کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی میلوں اور ثقافتی تقریبات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
رحیم شاہ نے کہا کہ انہوں نے اپنی فنی زندگی میں دنیا بھر میں پشتو زبان اور موسیقی کو متعارف کرانے کے لیے کام کیا اور جہاں کسی نے پشتو کو فروغ نہیں دیا، وہاں بھی انہوں نے اس زبان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں سے زیادہ موسیقی سے محبت کرنے والے لوگ انہوں نے کہیں نہیں دیکھے اور تقریباً اٹھانوے فیصد پشتونوں کی آواز قدرتی طور پر اچھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتو کے عظیم شعراء کے کلام کو جدید انداز میں کمپوز کرکے نئی نسل تک پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ زبان، ادب اور ثقافت کو مزید فروغ مل سکے۔ ملاقات کے اختتام پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشتو موسیقی اور ثقافت کے فروغ کے لیے رحیم شاہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خصوصی یادگاری شیلڈ پیش کی۔







