گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت محرم الحرام سکیورٹی انتظامات بارے اہم اجلاس

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت منگل کے روز محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، آئی جی پی ذوالفقار حمید اور احمد کریم کنڈی اجلاس میں شریک تھے۔

پشاور۔ 16 جون (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت منگل کے روز محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، آئی جی پی ذوالفقار حمید اور احمد کریم کنڈی اجلاس میں شریک تھے۔کمشنرڈی آئی خان ، آر پی او ڈی آئی خان ، ڈپٹی کمشنر ڈی آئی خان اور ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان نے آن لائن شرکت کی۔اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان میں محرم الحرام کے سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بیرونی و اندرونی خطرات، حساس روٹس اور مجالس و جلوسوں کی سکیورٹی کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سکیورٹی ادارے قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے ساتھ ہیں، محرم میں واپڈا اور پی ٹی سی ایل کے ساتھ مؤثر رابطہ ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ رات کے جلوسوں کے دوران بجلی اور مواصلاتی سہولیات میں تعطل برداشت نہیں کیا جا سکتا، صوبائی حکومت کی ڈیمانڈ کے مطابق فیڈرل کانسٹیبلری کی اضافی نفری فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعاون کے لیے صوبائی حکومت سے رابطہ کیا جائے، پروا، ہزارہ، شاہ حسین، کلاچی، ٹانک اور پہاڑ پور کو خصوصی توجہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ حساس علاقوں میں اضافی سکیورٹی اور نگرانی کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں،محرم سکیورٹی پلان میں منتخب عوامی نمائندوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ واپڈا اور پی ٹی سی ایل حکام سے وفاقی سطح پر رابطہ کروں گا، رات کے جلوسوں کے دوران انتظامیہ کو مکمل تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کی اضافی نفری اور جدید آلات کی فراہمی کے لیے وفاقی وزیر داخلہ سے رابطہ کیا جائے گا، محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔