گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا محرم الحرام کے دوران امن و امان، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ
پشاور۔ 25 جون (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کےلیے سپریم کمانڈ پوسٹ پشاور کا دورہ کیا۔
ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان، ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد داؤد سلیمی، اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ذیشان نجیب، انتظامی افسران، ڈی جی میٹروپولیٹن قادر نصیر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کو محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی پلان، جلوسوں اور مجالس کی نگرانی، ٹریفک مینجمنٹ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات، کنٹرول روم کی فعالیت اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے سپریم کمانڈ پوسٹ میں قائم مانیٹرنگ اور کوآرڈینیشن سسٹم کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران تمام انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے ڈپٹی کمشنر پشاور اور دیگر حکام کے ہمراہ مختلف جلوسوں کے راستوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر صفائی ستھرائی، اسٹریٹ لائٹس، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی اور سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔









