گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر ) کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے فرزند کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات، بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی
گورنر خیبر پختونخوا کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو خراجِ عقیدت

مزید خبریں
پشاور۔ 05 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قومی ہیرو کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر ) کی 27ویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے فرزند کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے جرات، بہادری، فرض شناسی اور حب الوطنی کی لازوال مثال قائم کی۔ اتوار کو گورنر خیبر پختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری پیغام میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی بے مثال قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے، ان کی بہادری اور جرات کو دنیا تسلیم کرتی ہے اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے، صوابی کے اس بہادر بیٹے نے دشمن کے سامنے غیر معمولی دلیری اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کی اور ہمیشہ کے لیے قوم کے دلوں میں امر ہوگئے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی سرزمین نے ہمیشہ ایسے بہادر سپوت پیدا کیے ہیں جنہوں نے وطن کی سلامتی، خودمختاری اور عزت کےلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید انہی عظیم ہیروز میں سے ایک ہیں جن کی قربانی کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد رکھنے، قومی اتحاد کو فروغ دینے اور پاکستان کے دفاع و استحکام کےلیے اپنے عزم کی تجدید کرنے کا پیغام دیتا ہے۔







