گورنر سندھ سے بین الاقوامی و پاکستانی ماہرینِ امراضِ چشم کے وفد کی ملاقات

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے بین الاقوامی و پاکستانی ماہرینِ امراضِ چشم کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورآنکھوں کے جدید علاج، جدید جراحی تکنیکوں، ریفریکٹو ٹیکنالوجیز اور طبی تحقیق سمیت امراضِ چشم کے شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے بین الاقوامی و پاکستانی ماہرینِ امراضِ چشم کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورآنکھوں کے جدید علاج، جدید جراحی تکنیکوں، ریفریکٹو ٹیکنالوجیز اور طبی تحقیق سمیت امراضِ چشم کے شعبے میں ہونے والی جدید پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق وفد کی قیادت چیئرمین ہاشمانیز گروپ آف ہاسپٹلز ڈاکٹر شریف ہاشمی نے کی۔وفد میں اٹلی، لیبیا، یونان، برازیل، بولیویا، جاپان، سعودی عرب اور میکسیکو سمیت مختلف ممالک کے ممتاز ماہرینِ امراضِ چشم شامل تھے۔بین الاقوامی ماہرین نے پاکستان میں طبی علم، جدید تجربات اور تحقیقی مہارتوں کے تبادلے کو اہم پیش رفت قرار دیا۔ اس موقع پر عالمی ماہرینِ امراضِ چشم اور پاکستانی طبی ماہرین کے درمیان مزید تعاون، مشترکہ تحقیق اور جدید طبی ٹیکنالوجی کے فروغ کی اہمیت پر بھی گفتگو ہوئی۔اس موقع پر گورنر سندھ نے بین الاقوامی ماہرین کی پاکستان آمد اور پاکستانی طبی ماہرین کے ساتھ علمی و تحقیقی تجربات کے تبادلے کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے طبی ماہرین کے درمیان روابط اور تجربات کا تبادلہ جدید طبی سہولیات، علاج کے جدید طریقوں اور طبی مہارتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی طبی ماہرین کی آمد سے مقامی ڈاکٹرز اور طبی ماہرین کو جدید تکنیکوں، تحقیق اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔گورنر سندھ نے امراضِ چشم کے شعبے میں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے علمی و طبی روابط عوام کو بہتر اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔