گورنر سندھ کا TDF MagnifiScience Centre کا دورہ

گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے دائود فائونڈیشن کے TDF MagnifiScience Centre کا دورہ کیا، جہاں سبرینا داد اور دیگر منتظمین نے ان کا خیر مقدم کیا

کراچی۔ 26 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے دائود فائونڈیشن کے TDF MagnifiScience Centre کا دورہ کیا، جہاں سبرینا داد اور دیگر منتظمین نے ان کا خیر مقدم کیا۔ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے میوزیم کے مختلف حصوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے وہاں موجود مختلف نمائشوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہیں سائنس، فزکس، کراچی کی تاریخ، زمین سے سمندر سے آسمان تک مختلف موضوعات پر مبنی نمائشوں کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ TDF MagnifiScience Centre میں سائنس، فزکس، تاریخ کراچی اور دیگر موضوعات کو انتہائی خوبصورتی اور منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میوزیم میں بچوں کے لیے سیکھنے، تجربات اور عملی مشاہدے کے بہترین مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ TDF MagnifiScience Centre بین الاقوامی معیار کا جدید میوزیم ہے اور نجی شعبے کی جانب سے کراچی کے مرکز میں ایسا شاندار اور منفرد میوزیم قائم کرنا قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے میوزیم کی صفائی، خوبصورتی اور مختلف حصوں کی بہترین ترتیب کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، سائنس اور صنعت و تجارت سے وابستہ اداروں کو اس شاندار کاوش کی سرپرستی کرنی چاہیے۔ حکومت اور نجی شعبہ مل کر ایسے منصوبوں کو فروغ دیں تو نوجوانوں اور بچوں کے لیے مزید بہتر تعلیمی اور سیکھنے کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہریوں، بالخصوص بچوں کو سائنس اور تاریخ سے روشناس کرانے کے لیے یہ میوزیم اہم کردار ادا کر رہا ہے، ایسے مراکز بچوں میں تجسس، تخلیقی سوچ اور سائنسی شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ میوزیم کا دورہ کرکے بہت متاثر ہوئے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ TDF MagnifiScience Centre ضرور آئیں اور اس منفرد میوزیم کا مشاہدہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم اور سیکھنے کے لیے یہ ایک بہترین موقع ہے۔