کراچی۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت گورنر ہائوس کراچی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران رمضان المبارک کے حوالے سے صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات، مستحقین میں راشن …
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اوروفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت اجلاس، ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی غور

مزید خبریں
کراچی۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت گورنر ہائوس کراچی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے دوران رمضان المبارک کے حوالے سے صفائی ستھرائی کے موثر انتظامات، مستحقین میں راشن کی شفاف تقسیم اور سستے بازاروں کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کریں۔شرکا ء نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی گورنر ہائوس میں عوام کے لیے سحر و افطار کے اجتماعی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے ۔ اس موقع پر 14فروری کو کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس منعقد کرنے اور 15فروری کو سانحہ گل پلازہ اور سانحہ ترلائی اسلام آباد کے شہدا ء کی یاد میں عوامی اجتماع کے انعقاد کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔
اجلاس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور دیگر شرکا ء نے گورنر سندھ کی تین سالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوامی فلاحی منصوبوں، آئی ٹی انیشی ایٹو، راشن پروگرام اور دیگر سماجی اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے رمضان المبارک میں شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شریک تھے۔








