لاہور۔16جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس میں بہرام خان بزدار ضلعی صدر پی پی پی ڈیرہ غازی خان اور پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر کی قیادت میں وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان نظریاتی پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر عبداللہ بیگ اور لاہور کے صدر نعمان راجپوت نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔اس موقع پرپاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر رانا فاروق سعید خان بھی موجود تھے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی اوراس نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے۔گورنر پنجاب نے پارٹی میں شامل ہونے والے رہنمائوں کو خوش آمدید کہا اور پارٹی رہنما فیصل میر کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ویژن سے متاثر ہو کر لوگ پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں بھی آپ سے ہوں اور آپ لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوں، پارٹی کارکنان اور ورکرز پارٹی کا سرمایہ ہیں، ان کی محنت اور قربانیوں کو سراہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آپ جیسے مضبوط لوگ ہر مشکل گھڑی میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام افراد کے لیے بلاتفریق گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہیں۔وفد نے گورنر پنجاب کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا جبکہ گورنر نے وفود کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔