لاہور۔11دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان سنی تحریک کے صدر حافظ ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کی قربانیاں ملکی سالمیت کے لیے ہیں جنہیں ہر پاکستانی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہدا نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کردیا ہے اور قوم ان کی قربانیوں کی مقروض ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ دین اسلام ہمیں امن و سلامتی کا درس دیتا ہے اور ملک میں ہونے والی دہشت گردی امن و امان کے لیے بہت بڑی رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد اور اتفاق پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے قانون پر تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے مشاورت کر کے قابل عمل حل تلاش کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ علما کرام کی مدارس کی رجسٹریشن کے قانون پر تجاویز صدر پاکستان آصف علی زرداری تک پہنچائوں گا۔پاکستان سنی تحریک کے صدرحافظ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ گورنر پنجاب کا عقیدہ ختم نبوت کا دفاع اور عشقِ مصطفیٰ حضرت محمدﷺکا اظہار بہت اعلیٰ و ارفع عمل ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ گورنرمدارس رجسٹریشن قانون پر حکومت اور علما کرام کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے۔