مانسہرہ۔ 14 جنوری (اے پی پی):گورنمنٹ کالج بالاکوٹ کے بی ایس زولوجی ڈیپارٹمنٹ کا پانچواں بورڈ آف سٹڈیز اجلاس یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرنسپل جی سی بالاکوٹ پروفیسر محمد حفیظ خان، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ زولوجی ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سردار اظہر محمود اور دیگر ممبران بشمول کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین شاہ اور کوآرڈینیٹر بی ایس اور پروفیسرز نے شرکت کی۔ ایچ او ڈی بی ایس زولوجی اسسٹنٹ پروفیسر محمد رفیق، پروفیسر وقاص احمد، پروفیسر سرفراز داد، لیکچرار اویس حسین، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عرفان احمد، پروفیسر ممتاز حسین، پروفیسر محمد طلحہ اور پروفیسر انس علی نے اجلا س میں شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز اﷲ تعالیٰ کے نام سے ہوا۔ بی ایس زولوجی ساتویں سمسٹر کے طالب علم عبداﷲ اعجاز نے قرآن پاک کی چند آیات کی تلاوت کی اور عائشہ ایمان کی طرف سے نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔ اس کے بعد ایچ او ڈی زولوجی پروفیسر محمد رفیق نے اس اہم تعلیمی سرگرمی میں معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا، 19 تحقیقی طلباءنے کمیٹی کے سامنے اپنی تحقیقی تجاویز پیش کیں۔ جامع بحث اور سوال/جواب کے نتیجہ میں تمام عنوانات کی منظوری دی گئی۔
ڈاکٹر اظہر محمود نے اپنے خطاب میں تحقیقی کام کے بارے میں طلباءکی رہنمائی کی۔ اس کے بعد قابل قدر پرنسپل پروفیسر محمد حفیظ خان نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعبہ زولوجی کے کام اور پیش رفت سے مکمل طور پر مطمئن ہیں، اپنے انتہائی مختصر دور میں کالج میں ناپید سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ انہوں نے طلباءکی تصوراتی تعلیم پر زور دیا۔ اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔