گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ میں تعلیمی سال 2026 کے لیے انٹرمیڈیٹ داخلوں کا باقاعدہ آغاز

گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ میں تعلیمی سال 2026 کے لیے انٹرمیڈیٹ داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کالج کے ایڈمیشن سیل میں طلبہ والدین کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کالج کے تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ داخلہ ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں

سیالکوٹ ،12 جون (اے پی پی):گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ میں تعلیمی سال 2026 کے لیے انٹرمیڈیٹ داخلوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں کالج کے ایڈمیشن سیل میں طلبہ والدین کی رہنمائی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کالج کے تجربہ کار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ داخلہ ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔ کالج انتظامیہ کے مطابق داخلہ عمل کو شفاف، آسان طلبہ دوست بنانے کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ نئے طلبہ کو داخلے کے مراحل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ پروفیسر مہر الیاس کی نگرانی میں داخلہ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس موقع پر کالج انتظامیہ نے طلبہ اور والدین کو بتایا کہ مرے کالج 1889 سے علمی و تعلیمی خدمات انجام دے رہا ہے اور گزشتہ 135برس سے اعلیٰ تعلیمی روایات کا امین ہے۔

کالج میں پی ایچ ڈی اور ایم فل ڈگری یافتہ اساتذہ کی خدمات دستیاب ہیں جو داخلے کے خواہشمند طلبہ کو مضامین کے انتخاب، تعلیمی رہنمائی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مکمل معاونت فراہم کر رہے ہیں۔کالج انتظامیہ کے مطابق فرسٹ ایئر میں داخلے نویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر دیے جا رہے ہیں جبکہ ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر داخلہ درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں۔ ایڈمیشن سیل میں فارم جمع کرانے، معلومات کے حصول اور والدین و طلبہ کے سوالات کے فوری جواب کے لیے خصوصی کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ کالج انتظامیہ نے طلبہ کو دعوت دی ہے کہ وہ گورنمنٹ گریجویٹ مرے کالج سیالکوٹ کی شاندار علمی روایت کا حصہ بنیں اور اپنے روشن مستقبل کی بنیاد ایک معیاری اور باوقار تعلیمی ادارے سے رکھیں۔

 

مزید خبریں