گولڈ میڈل جیتنے والے رمیز ابراہیم فخر پاکستان ہیں، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری

4
Kamran Khan Tesori

کراچی۔ 01 نومبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے مسٹر یونیورس کے مقابلہ میں گولڈ میڈل جیتنے والے رمیز ابراہیم فخر پاکستان ہیں اور یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے کہ رمیز ابراہیم گورنر ہاؤس آئے۔گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمیز ابراہیم سے گفتگو کے دوران کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اس نوجوان نے اپنی مدد آپ کے تحت پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمیز ابراہیم کو اسی طرح پیار، محبت دیں گے جس طرح دیگر قومی ہیروز کو دیا۔

گورنر ہاؤس میں رمیز ابراہیم کو گولڈ میڈل دیا تو رمیز ابراہیم نے جذباتی ہوکر اپنے تمام میڈلز مجھے پہنا دیئے، جس پر میں نے وہ تمام میڈلز رمیز ابراہیم کو واپس کئے کہ ان تمام میڈلز پر آپ کا ہی حق ہے، یہ تمام میڈلز آپ نے پاکستان کے لئے جیتے ہیں۔گولڈ میڈلسٹ رمیز ابراہیم نے کہا کہ جب عالمی چیمپئن بنا تو کسی نے پذیرائی نہیں کی مگر مسٹر یونیورس مقابلہ میں گولڈ میڈل جیتنے پر گورنر سندھ نے فون کیا تو میرے آنسو نکل آئے۔گورنر سندھ کے فون سے میری ہمت و حوصلہ بڑھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج میرا حوصلہ چٹان کی مانند ہےاور انشاءاللہ اگلے 6 ورلڈ ٹائٹل بھی جیت کر دکھاؤں گا۔