اسلام آباد میں واقع گولڑہ شریف ریلوے جنکشن ایک منفرد مقام کے طور پر سامنے آیا ہے جو قدیم برگد کے درختوں کے پرسکون سائے میں لپٹا ہوا اور سیاحوں و تاریخ کے شائقین کو اپنی وراثت، سکون اور لازوال کشش کے امتزاج سے اپنی طرف کھینچتا ہے۔
گولڑہ شریف ریلوے جنکشن سیاحوں و تاریخ کے شائقین کو اپنی وراثت، سکون اور لازوال کشش کے امتزاج سے اپنی طرف کھینچتا ہے

مزید خبریں
اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):اسلام آباد میں واقع گولڑہ شریف ریلوے جنکشن ایک منفرد مقام کے طور پر سامنے آیا ہے جو قدیم برگد کے درختوں کے پرسکون سائے میں لپٹا ہوا اور سیاحوں و تاریخ کے شائقین کو اپنی وراثت، سکون اور لازوال کشش کے امتزاج سے اپنی طرف کھینچتا ہے۔ گولڑہ ریلوے سٹیشن تیزی سے ایک لازمی سیاحتی مقام بنتا جا رہا ہے جہاں میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مسافر و سیاح دونوں اس کی جانب متوجہ ہو رہے ہیں۔ حالیہ رپورٹسکے مطابق بہت سے مسافر اس سٹیشن کے پْرسکون ماحول کو سراہ رہے ہیں جو شہری زندگی کی ہلچل سے ایک خوشگوار وقفہ فراہم کرتا ہے۔
اس حوالے سے ایک مسافر محمد ارسلان نے کہا کہ یہاں کا سکون کسی بھی دوسرے سٹیشن جیسا نہیں، یہ ایک مصروف ٹرانسپورٹ مرکز سے زیادہ کسی پارک کا منظر پیش کرتا ہے، اس کے تاریخی حسن سے متاثر ہونے والے سیاح بھی کم نہیں۔ ایک سیاح سمیرا نے کہا کہ یہ صرف ایک ریلوے سٹیشن نہیں بلکہ ماضی کا سفر ہے، صدیوں پرانے درخت، قدیم طرزِ تعمیر اور اردگرد کا قدرتی ماحول ایک ایسا سکون فراہم کرتے ہیں جو انسان کو ماضی میں لے جاتا ہے۔ مقامی رپورٹس کے مطابق اب سیاح خاص طور پر اس سٹیشن کی ثقافتی اہمیت کو دیکھنے آ رہے ہیں۔ قدرتی خوبصورتی اور تاریخی اہمیت کے اس امتزاج نے گولڑہ ریلوے سٹیشن کو نہ صرف ایک پْرسکون پناہ گاہ بلکہ ایک اہم ثقافتی مقام بھی بنا دیا ہے۔ سٹیشن کا پْرسکون ماحول اور اسلام آباد سے آسان رسائی اسے تاریخ کے شائقین اور سکون کے متلاشی افراد دونوں کے لیے ایک مثالی مقام بناتی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق گولڑہ ریلوے سٹیشن جدید زندگی کی ہنگامہ خیزی کے درمیان مسافروں کے لیے ایک حقیقی جائے سکون بن چکا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ صدیوں پرانے درختوں کا سایہ اس سٹیشن کو ٹھنڈک اور سکون فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کا انتظار کرنے والے مسافر اب بوریت محسوس نہیں کرتے بلکہ اس جگہ کے سکون اور خاموشی سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اپنی قدرتی خوبصورتی اور پْرسکون فضا کے باعث یہ ریلوے سٹیشن ایک ایسے مقام میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں عام سٹیشنز کا شور و ہنگامہ ختم ہو جاتا ہے اور اس کی جگہ ایک خوشگوار سکون لے لیتا ہے جو ہر آنے والے کو ایک منفرد اور تازگی بھرا تجربہ فراہم کرتا ہے۔








