ہائی جین سلاٹر سے معیاری وائیٹ میٹ بزنس کو فروغ دیا جا سکتا ہے، صدر حیدرآباد چیمبرآف کامرس

124

حیدرآباد۔ 29 مئی (اے پی پی):حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور ویلیو ایڈیشن کا دور ہے، ہائی جین سلاٹر اور چلر سے گزار کر عوام کو معیاری گوشت سپلائی کیا جا رہا ہے اور اس کی ضرورت حیدرآباد میں شدت سے محسوس کی جا رہی تھی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائیٹ میٹ فیکٹری کے دورے پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حیدرآباد وائیٹ میٹ کی چار برانچز کام کر رہی ہیں، ملک میں حلال فوڈ کا بہت پوٹینشل ہے، حیدرآباد میں بیف مٹن حلال انڈسٹری میں سرمایہ کاری کی جا سکتی ہے، دنیا میں دو ارب پر مشتمل مسلم آبادی ہے، حلال فوڈ انڈسٹریز ملک میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے، پاکستان ،سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت دیگر اسلامی ممالک کو بیف اور مٹن میٹ ایکسپورٹ کر رہا ہے۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر اویس خان نے کہا کہ ہمارا مقصد شہر کی معیشت کو مضبوط کرنا اور یہاں کی صنعتوں کو ترقی دینا ہے۔ ایچ سی سی آئی صنعتکاروں کے ساتھ کھڑا ہے، ہم تاجروں کا بھرپور تحفظ کریں گے۔

قبل ازیں وائیٹ میٹ فیکٹری کے ڈائریکٹرز ذیشان مرزا اور سید عمیر علی نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عدیل صدیقی اور نائب صدر اویس خان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری ترقی میں آپ نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں، تاجر برادری اپنے نوجوان رہنما پر فخر کرتی ہے، ہم نے حیدرآباد میں پہلی مرتبہ وائیٹ میٹ کو متعارف کرایا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے لیس وائیٹ میٹ شہریوں کو معیاری کوالٹی کے ساتھ فراہم کر رہے ہیں، گوشت کی تیاری میں ایس او پیز پر پوری طرح عمل کیا جا رہا ہے۔