ہری پور میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کاآغاز،فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے

124

ہری پور ۔ 08 جنوری (اے پی پی):ہری پور میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا فول پروف سکیورٹی انتظامات کے ساتھ آغاز ہو گیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لئے 900 سے زیادہ افسران، اہلکار اور لیڈیز پولیس سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہیں ۔ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز خود سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں نیز ضلع کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم گزر گاہوں پر ناکہ بندی پوائنٹس پر سینیپ چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ ڈی پی او ہری پور محمد عمر خان پولیو مہم کے تمام سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیوٹی کے دوران چوکس رہ کر فرائض منصبی انجام دیں۔ ڈیوٹی کے دوران اپنی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ہیلمٹ و جیکٹ کا استعمال لازمی کریں۔ ڈی پی او ہری پور نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں، پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں ۔