ہری پور یونیورسٹی کے سینیٹ نے 2 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دےدی

ہری پور یونیورسٹی کے سینیٹ نے دو ارب روپے کے ریکارڈ بجٹ کی منظوری دےدی،جس میں تقریباً 70 کروڑ روپے کا ریکارڈ سرپلس شامل ہے

ہری پور۔ 11 اگست (اے پی پی):ہری پور یونیورسٹی کے سینیٹ نے دو ارب روپے کے ریکارڈ بجٹ کی منظوری دےدی،جس میں تقریباً 70 کروڑ روپے کا ریکارڈ سرپلس شامل ہے۔ سینیٹ کا اجلاس پرو چانسلر مینا خان آفریدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ یونیورسٹی کے وفد کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے کی جبکہ خزانچی محمد عمران اور رجسٹرار ریاض محمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اجلاس میں یونیورسٹی کا بجٹ اور مجموعی مالی صورتحال سینیٹ کے سامنے پیش کی گئی جس میں ادارہ کی مسلسل ترقی، محتاط مالی نظم و نسق، وسائل کے موثر استعمال اور بہتر مالی منصوبہ بندی کو اجاگر کیا گیا۔ اجلاس میں سینیٹ نے غور و خوض کے بعد بجٹ کی منظوری دی۔ پرو چانسلر نے یونیورسٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مضبوط مالی پوزیشن برقرار رکھنے اور ادارہ کی تعلیمی و انتظامی ترقی کے لئے یونیورسٹی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید نے اس کامیابی کو یونیورسٹی کی پوری ٹیم کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کی محنت اور تعاون کو سراہتے ہوئے بالخصوص فنانس اور رجسٹرار آفس کی کاوشوں کی تعریف کی جنہوں نے یونیورسٹی کے مالی اور انتظامی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہری پور یونیورسٹی مالی خود کفالت و پائیداری، تعلیمی معیار، گڈ گورننس اور ادارہ جاتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ یونیورسٹی کو ایک مضبوط، ترقی پسند اور اعلیٰ کارکردگی کی حامل سرکاری جامعہ کے طور پر مزید آگے بڑھایا جا سکے۔

 

مزید خبریں