فیصل آباد ۔ 07 اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین مرکزی علماکونسل پاکستان و جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ شمالی وزیر ستان میں فیصل آباد کے سپوت لیفٹیننٹ کرنل محمد علی شوکت سمیت افواج پاکستان کے دیگربہادر جوانوں کی شہادت پر دل انتہائی رنجیدہ ہیں،ہماری بہادر افواج کے سپوتوں کی ایسی لازوال قربانیاں قابل فخر اور قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں،پوری قوم اور فیصل آباد کے شہری اپنے جوانوں کی شہادت پر انہیں خراج تحسین پیش اور تمام جوانوں کے جملہ لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
سہیل آباد بٹالہ کالونی ستیانہ روڈ فیصل آباد میں منعقدہ سیرت ساقی کوثرکانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خروج اور بغاوت کا فتنہ تاریخ اسلام میں اولین فتنوں میں سے ہے جبکہ عالم اسلام اور پاکستان مسلسل اس فتنے کی زد میں ہے لہٰذا اس فتنے کی سرکوبی کیلئے حکومتی اور انفرادی سطح پر اجتماعی جدوجہد کرنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی علما کونسل پاکستان کی تمام پارٹیوں سے اپیل ہے کہ قوم کو فتنہ خارجیت سے آگاہ کریں اور خارجیوں کی اصلیت عوام کے سامنے لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ عصر حاضر میں عالم اسلام میں سنگین فتنے رونما ہوئے ہیں جنہوں نے اہل ایمان کے دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور یہ فتنے خارجیوں کی صورت میں عیاں ہیں جبکہ اُمت مسلمہ اور اہل اسلام کو سب سے زیادہ نقصان فتنہ خارجیت نے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان اور مسلمانوں کو اس فتنے سے محفوظ کرنے کیلئے سخت ترین اقدامات کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر فتنہ خوارج اور لادینیت کا سیلاب آیا ہوا ہے جس کی روک تھام میں ریاست کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔