نارووال۔ 14 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج ہم پاکستان کی آزادی کی 78 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، اس ملک کے قیام کے لیے ہمارے آبائو اجداد نے بیشمار قربانیاں دے کر ایک غیر متزلزل جذبے، عزم ، اتحاد اور ایمان کے اصولوں کے ساتھ ایک اسلامی مملکت کی بنیاد رکھی،جہاں ہم جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن منا رہے ہیں وہیں ہمیں داخلی، علاقائی اور عالمی سطح پر بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں سب سے اہم اور فوری حل طلب معاملہ ملکی معیشت میں استحکام کا حصول اور جامع ترقی کےمقاصد کا حصول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میں یوم آزادی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نےکہا کہ آج جہاں ہم جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کا جشن منا رہے ہیں وہیں ہمیں اپنے داخلی، علاقائی اور عالمی سطح پر بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں سب سے اہم اور فوری حل طلب معاملہ ملکی معیشت میں استحکام کا حصول اور جامع ترقی کےمقاصد کا حصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ۷۷ سالوں کے دوران ہم سیاسی عدم استحکام، پالیسیوں کے عدم تسلسل، جمہوری عمل میں بار بار تعطل، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے ترقی کے اہداف کا درست تعین تک کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے، یہی وجہ ہے کہ آج ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک بھی ترقی کے عمل میں ہم سے بہت آگے نکل گئے، ہم آج بھی اپنی منزل کا تعین کرنے میں لگے ہیں۔
انہوں نے کہ مجھے خوشی ہے کہ آج پاکستان میں ایک ایسی حکومت قائم ہے جسے نہ صرف یہ کہ ملک کی معاشی، سماجی و ادارہ جاتی سمت کا ادراک ہے بلکہ اس کے پاس تجربہ ماہرین کی بہترین ٹیم بھی موجود ہے، ہمارے پاس جذبہ ہے، لگن ہے اور وطن عزیز کو اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے اور پاکستان کو ترقی کی دوڑ میں میں صف اول کے ممالک کے مساوی لانے کا پختہ عزم بھی کئے ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہاترقی کی منزل تک پہنچنا تب ہی ممکن ہوگا جب ملک میں امن، استحکام، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحات کو بلاتعطل جاری رکھا جائے، ہم ایسے پاکستان کا وژن رکھتے ہیں جہاں سب کے لئے بلا امتیاز تعلیم، ترقی اور روزگار کے مواقع میسر ہوں، جہاں کاروبار پروان چڑھے، جدت پر مبنی اقدامات اٹھائے جائیں، صنعت کا پہیہ گھومے، روزگار کے مواقع میسر ہوں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ دنیا بھر کے لئے سرمایہ کاری کی فضا سازگار ہو اور ہم عالمی مقابلہ بازی میں اپنے معیار، پیداواریت اور جدت کی بدولت بہترین شناخت اور ممتاز مقام کے حامل ہوں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ آئیے ہم عہد کریں کہ پالیسیوں کے تسلسل کے ساتھ پاکستان کی تعمیر کو نہ صرف یقینی بنائیں کے بلکہ اس پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،انتہاپسند، پالیسیوں کے تسلسل و ترقی کی راہوں کو کھوٹا کرنے والے تمام عوامل کو رد کریں گے۔