واشنگٹن۔8اکتوبر (اے پی پی):خلیج میکسیکو میں اٹھنے والا سمندری طوفان ملٹن انتہائی خطرناک کیٹیگری فائیو طوفان کی شکل اختیار کر نے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں 10 روزقبل کیٹیگری فور کے سمندری طوفان ہیلین سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس طوفان کے دوران کم از کم 225 افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ ہیں اور طوفان سے متاثرہ علاقوں …
ہیلین ‘کے بعد ایک اور سمندری طوفان’ ملٹن ‘کی امریکی ریاست فلوریڈا کی طرف پیش قدمی
واشنگٹن۔8اکتوبر (اے پی پی):خلیج میکسیکو میں اٹھنے والا سمندری طوفان ملٹن انتہائی خطرناک کیٹیگری فائیو طوفان کی شکل اختیار کر نے کے بعد امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں 10 روزقبل کیٹیگری فور کے سمندری طوفان ہیلین سے بڑے پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے۔امریکی حکام کے مطابق اس طوفان کے دوران کم از کم 225 افراد ہلاک اور سینکڑوں لاپتہ ہیں اور طوفان سے متاثرہ علاقوں کی صفائی کے لئے کئی سال درکار ہیں۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ملٹن کے اند ر چلنے والی ہوائوں کی رفتار 285 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور یہ بدھ کو ریاست فلوریڈا سے ٹکرا سکتا ہے۔ فلوریڈا کے گنجان آباد شہر تامپا بے کے اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا اندیشہ ہے جہاں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو نے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ٹامپا بے کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے خبردار کیا ہے کہ لوگوں کے لئے انخلا کا وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق سمندری طوفان ملٹن کی شدت میں آئندہ دو روز میں کمی بھی توقع ہے۔ سمندری طوفان ملٹن کے زیر اثر فلوریڈا کے کچھ علاقوں میں 15 ا نچ تک بارش اور ساحلی علاقوں سے دس سے 15 فٹ بلند لہریں ٹکرا سکتی ہیں۔ طوفان سے قبل جنوبی فلوریڈا میں پیٹرول اسٹیشنوں پر لمبی قطاریں دیکھی گئی ہیں اور کچھ اسٹیشنوں پر فیول ختم ہونے کی اطلاعات ہیں۔انخلا کی وجہ سے سڑکوں پر ٹریفک کا شدید رش ہے۔
تامپا بے اور اورلینڈو شہروں کے ہوائی اڈوں سے پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔فلوریڈا میں سابق سمندری طوفان ہیلین سے متاثرہ کئی علاقوں میں سیکڑوں سڑکیں بند ہیں، جس سے مشکل سے متاثرہ آبادیوں تک امدادکی ترسیل کی کوششوں میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔امریکی صدر کی طرف سے فلوریڈا کے لئے ایک کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی امداد کی منظوری دی گئی ہے ۔ ریاست میں ڈیڑھ ہزار فوجی اہلکار تعینات کئےگئے ہیں۔









