یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ
یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت ہے، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون ، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ28 مئی 1998 ء پاکستان کی خودمختاری و ناقابلِ تسخیر دفاع کی علامت اور ملکی تاریخ کا فیصلہ کن دن ہے۔ جمعرات کو یوم تکبیر کے موقع پر وزارت قانون سے جاری پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں اُس وقت کی حکومت نے قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے تاریخی فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے استحکام میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو سمیت قومی قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان نے قومی سلامتی اور دفاع کے تقاضوں کے تحت ایٹمی صلاحیت حاصل کی، چاغی کے کامیاب ایٹمی تجربات نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط اور مؤثر بنایا،قوم اپنے سائنس دانوں، ماہرین اور مسلح افواج کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی دباؤ اور پابندیوں کے باوجود قومی خودمختاری اور وقار کا تحفظ کیا، یومِ تکبیر قومی اتحاد، خود اعتمادی، اور دفاعی عزم کی تجدید کا دن ہے۔
وزیر قانون نے کہا کہ پاکستان ذمہ دار اور امن پسند ایٹمی ریاست کے طور پر مؤثر کردار ادا کر رہا ہے،پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جدید جنگی تقاضوں میں سائبر وارفیئر، مصنوعی ذہانت اور ڈرون ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ہر میدان میں مکمل پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت ہماری سب سے بڑی طاقت ہیں۔ سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور وقار کے لیے پوری قوم متحد اور پُرعزم ہے








