یوم آزادی کے حوالہ سے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی کا خصوصی پیغام

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) یوم آزادی کے حوالہ سے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں یوم آزادی پر رب کریم کا شکر ادا کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ مادرِ وطن مسلمانانِ ہند کی عظیم جدوجہد اور قائد و اقبال کی بے مثال قیادت کا ثمر ہے، 7 دہائیوں کا قومی سفر …

اسلام آباد ۔ 13 اگست (اے پی پی) یوم آزادی کے حوالہ سے چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سیف اﷲ خان نیازی نے اپنے خصوصی پیغام میں یوم آزادی پر رب کریم کا شکر ادا کرتے ہوئے قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ مادرِ وطن مسلمانانِ ہند کی عظیم جدوجہد اور قائد و اقبال کی بے مثال قیادت کا ثمر ہے، 7 دہائیوں کا قومی سفر بہت سے نشیب و فراز کا مجموعہ ہے، ذاتیات اور مفاد پرستی کے حصار میں مقید رہنماو¿ں نے ادنیٰ مقاصد کی خاطر قوم کا سفر کھوٹا کیا۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ رب ذوالجلال کے خاص رحم و کرم سے پاکستان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں درست سمت میں چل نکلا ہے، وزیراعظم کی انتھک محنت اور قائدانہ کردار کے باعث اندھیرے چھٹ رہے ہیں اور مایوسیاں دم توڑ رہی ہیں۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ آج ریاست اشرافیہ سے وفاداریاں نبھانے کی بجائے غریبوں کی ہمدرد ہے جبکہ نظام شفافیت و اصلاح کی جانب بڑھ رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت اور حکومت کی بہترین فیصلہ سازی کے باعث وباءکا زور ٹوٹ رہا ہے اور معیشت سنبھل رہی ہے۔ سیف اﷲ خان نیازی نے کہا کہ یوم آزادی کے باسعادت دن تجدید عہد کرتے ہیں کہ قائد و اقبال کے تصورات کی روشنی میں جدید اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی منزل حاصل کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، پاکستان کی سیاسی، معاشرتی، معاشی اور حکومتی تطہیر کے عمل میں بطور سیاسی جماعت اپنی پوری صلاحیتیں آزمائیں گے، یوم پاکستان کے موقع پر عساکرِ پاکستان سمیت وطن کے دفاع اور خدمت کی راہ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔ یومِ آزادی کے موقع پر جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ خان نیازی نے بھارتی جبر و تسلط کے شکار اہل کشمیر کے ساتھ بھی مکمل یکجہتی اور وفا کا عہد دہراتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے خون سے آزادی کی لازوال تحریک سینچنے والے شہدائے کشمیر کو سلام اور میدانِ عمل میں برسرِ پیکار اہل کشمیر کو سلامتی کا پیغام بھیجتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب اللہ کے فضل و احسان سے قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیر آزاد ہوگا۔