1965کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں،ایازصادق

سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں اور شاہینوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ملکی خودمختاری، قومی سلامتی اور فضائی حدود کے دفاع میں ہمیشہ غیر معمولی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور حب الوطنی کا مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور شجاعت کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔اتوار کویومِ فضائیہ پر اپنے پیغام میں سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ نے محدود وسائل کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ برتری، جرات اور جنگی مہارت کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی فضائی حدود کا مؤثر دفاع کیا اور دشمن کے فضائی حملوں کا بھرپورمقابلہ کیا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری، عزم اور قربانی نے دفاعِ وطن کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا اور پوری قوم کے حوصلے بلند کیے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ایئر مارشل نور خان نے 1965ء کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کی قیادت غیر معمولی قائدانہ صلاحیت، پیشہ ورانہ بصیرت اور مضبوط عزم کے ساتھ کی۔ ان کی مؤثر قیادت میں پاک فضائیہ نے دشمن کے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی جنگی صلاحیتوں کو منوایا۔ انہوں نے ایم ایم عالم کی غیر معمولی جرات اور جنگی مہارت کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایک فضائی معرکے میں دشمن کے پانچ طیارے مار گرانا ان کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیت اور بہادری کی روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ء کے فضائی معرکوں میں پاک فضائیہ کے پائلٹس اور دیگر اہلکاروں نے جانفشانی، بے مثال جرات اور جذبۂ شہادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعِ وطن کیلئے لازوال مثالیں قائم کیں۔ ان بہادر شاہینوں کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور قوم ان کی خدمات کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھے گی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ مئی 2025ء کے معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، جنگی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ پاک فضائیہ کے جدید لڑاکا طیاروں، بالخصوص جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں نے دفاعِ وطن میں اہم کردار ادا کیا اور بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے دشمن کے متعدد طیارے مار گرائے۔ جے-10 سی اور جے ایف-17 تھنڈر پاکستان کی دفاعی خود انحصاری، تکنیکی صلاحیت اور جدید فضائی جنگی استعداد کی نمایاں علامت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1965ء کے شاہینوں سے لے کر معرکۂ حق کے محافظوں تک پاک فضائیہ کی تاریخ عزم، قربانی، پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن کی روشن مثالوں سے عبارت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی خدمات صرف دفاعی اور جنگی میدان تک محدود نہیں بلکہ قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور دیگر مشکل مواقع پر امدادی سرگرمیوں میں بھی پاک فضائیہ کا کردار قابلِ تحسین اور قومی خدمت کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کی اعلیٰ پیشہ ورانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، تحقیق و ترقی اور دفاعی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ ملکی دفاع کو مزید مضبوط بنا رہا ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے تاہم ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنے شہداء، غازیوں اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی بہادری اور قربانیوں پر فخر ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، ان کے اہلِ خانہ کو صبر و حوصلہ عطا کرے اور وطنِ عزیز کو امن، سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام سے ہمکنار فرمائے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں اور شاہینوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے 1965ء کی جنگ سے لے کر معرکۂ حق تک ہر مشکل مرحلے پر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور جنگی صلاحیتوں سے دفاعِ وطن کا فریضہ احسن انداز میں انجام دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ 1965ء کی جنگ کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے محدود وسائل کے باوجود دشمن کی فضائی طاقت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی بے مثال بہادری سے قومی تاریخ میں سنہری باب رقم کیا۔ انہوں نے کہا کہ مئی 2025ء کے معرکۂ حق میں بھی پاک فضائیہ کی مؤثر اور پیشہ ورانہ کارروائیوں نے ثابت کیا کہ وطن کے دفاع کے لیے قوم کے شاہین آج بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے شہداء اور غازیوں کی قربانیاں قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی جرات، عزم اور حب الوطنی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شاہینوں کی خدمات اور قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی، ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبر و استقامت اور وطنِ عزیز کو ہمیشہ امن، سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام سے ہمکنار فرمانے کی دعا کی۔

مزید خبریں