پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت، پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا بھرپور مظاہرہ کیا ،صدر آصف علی زرداری کا یوم فضائیہ پر پیغام

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے یومِ فضائیہ کے تاریخی موقع پر میں پاک فضائیہ کے تمام اہلکاروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتا ہوں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔

7 ستمبر یومِ فضائیہ کے موقع پر ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ بلاشبہ پاک فضائیہ کے بانیان نے قائدِاعظمؒ کے اس وژن کے مطابق اس ممتاز ادارے کی بنیاد رکھی کہ ہماری فضائیہ دنیا کی بہترین فضائی افواج میں شمار ہو اور اسی مقصد کے تحت اسے تمام شعبوں میں اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ مہارت کے حصول کے لیے ترقی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران فضائی معرکوں میں اپنی صلاحیت، پیشہ ورانہ برتری اور غلبے کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاک فضائیہ نے برادر افواج کے ساتھ ہم آہنگی اور اشتراکِ عمل کے ذریعے معرکۂ حق میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور دشمن پر ایسا کاری وار کیا جس نے پوری دنیا کو حیرت زدہ کر دیا۔ بلاشبہ پاک فضائیہ کی یہ شاندار کارکردگی جرأت مندانہ قیادت، جنگی عملے کی حربی مہارت، بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے مربوط اور مؤثر استعمال کا نتیجہ تھی جو جدت اور مقامی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کی حکمتِ عملی کے تحت حاصل کی گئی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہونے کے باوجود مقابلہ کرنے کی شاندار روایت کو برقرار رکھا جو ہمیشہ سے اس کا طرۂ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ ہمارے شاہینوں نے اپنی بے مثال بہادری سے ثابت کر دیا کہ دشمن خواہ کتنا ہی طاقتور اور وسائل سے مالا مال کیوں نہ ہو، وہ ہمارے عزم و ارادے کو کبھی متزلزل نہیں کر سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج کی پاک فضائیہ ان بہادروں کو خراجِ تحسین ہے جنہوں نے اپنے خون سے پاک فضائیہ کی تاریخ رقم کی۔انہوں نے کہااس خصوصی دن پر، مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور پاکستان کی خودمختاری اور فضائی حدود کے دفاع کے لیے ہر لمحہ مستعد و سربکف ہے۔

مزید خبریں