ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یومِ دفاع پاکستان شہداء کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے اور قومی ذمہ داریوں کا احساس اجاگر کرنے کا دن ہے۔
یومِ دفاع پاکستان شہدا کی عظیم قربانیوں کی یاد و قومی ذمہ داریوں کا احساس دلاتا ہے، ملک محمد احمد خان

مزید خبریں
لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ یومِ دفاع پاکستان ہمیں وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو فخر کے ساتھ یاد کرنے اور قومی ذمہ داریوں کا احساس کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے، میجر عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے قومی ہیروز کی شجاعت ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔
یومِ دفاع کے موقع پر منعقدہ تقریب میں اپنے خصوصی خطاب میں سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 کو بھارتی فوج نے بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان پر حملہ کیا، تاہم افواجِ پاکستان نے دشمن کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے وطن کا بھرپور دفاع کیا۔انہوں نے کہاکہ17 روز تک جاری رہنے والی جنگ میں پاکستانی جوانوں نے غیر معمولی بہادری اور عزم کا مظاہرہ کیا جبکہ میجر عزیز بھٹی شہید اور ایم ایم عالم جیسے سپوتوں کے کارنامے آج بھی قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف ایک طویل اور مشکل جنگ لڑی ہے جس میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد پاکستانی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں، طلبہ، معصوم بچوں، نمازیوں، زائرین اور معاشرے کے مختلف طبقات نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ناقابلِ فراموش قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں قومی فخر اور قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر ذمہ داری وسنجیدگی کا مظاہرہ ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان اور تقسیمِ ہند کے واقعات ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں، تقسیم کے دوران بڑے پیمانے پر انسانی المیہ اور آبادی کا تبادلہ ہوا، جس کے اثرات آج بھی محسوس کیے جاتے ہیں، دنیا کے مختلف ممالک کے آئینی نظام اور ریاستی کردار کا مطالعہ بھی ضروری ہے، کیونکہ ریاستوں کی مضبوطی آئینی اصولوں، قانون کی حکمرانی اور شہری آزادیوں سے وابستہ ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دفاعِ وطن صرف سرحدوں کی حفاظت کا نام نہیں بلکہ قومی اتحاد، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، ذمہ دار سیاسی طرزِ عمل اور ریاستی اداروں کے احترام سے بھی وابستہ ہے، یومِ دفاع ہمیں شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، استحکام اور ترقی کے لیے قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنانے کا عہد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے







