میجر شبیر شریف شہید، یومِ دفاع پاکستان،
یوم دفاع پاکستان پرمیجر شبیر شریف شہید کے مزار پر دعائیہ تقریب،میجر جنرل فیصل غفار رانا کی حاضری

مزید خبریں
لاہور۔6ستمبر (اے پی پی):یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر میانی صاحب قبرستان لاہور میں میجر شبیر شریف شہید نشانِ حیدر کے مزار پر خصوصی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں میجر جنرل فیصل غفار رانا نے شرکت کی، شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جبکہ پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔
تقریب کے دوران ملک و قوم کی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی اور شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعاکی گئی۔اس موقع پر میجر شبیر شریف شہید کی وطن عزیز کے دفاع کے لیے دی گئی لازوال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔میجر شبیر شریف شہید نے 1971 کی جنگ کے دوران دشمن کے خلاف جرات و بہادری کی بے مثال داستان رقم کی اور وطن عزیز کے دفاع میں انتہائی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ان کی غیر معمولی شجاعت، قیادت اور بے مثال قربانی کے اعتراف میں انہیں پاکستان کے اعلی ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔دعائیہ تقریب میں شہید کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اوردعا کی گئی کہ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے،ان کی قربانیوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور پاکستان کو امن، سلامتی، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھے۔







