اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ء کے شہداء کی عظیم قربانیاں اور غازیوں کی شجاعت ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
6ستمبر1965کو شہداء کی عظیم قربانیاں اور غازیوں کی شجاعت ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں،اعظم نذیر تارڑ

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر قومی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور مادرِ وطن کے دفاع اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
اتوار کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ1965ء کی جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے افسران اورجوانوں نے غیر معمولی جرأت، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔شہداء کی عظیم قربانیاں اور غازیوں کی شجاعت ملکی تاریخ کا ناقابلِ فراموش باب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو عقیدت اور احترام سے یاد کرتی ہے۔انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کی قربانیوں، حوصلے اور ثابت قدمی کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے آج بھی غیر متزلزل عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے ملک کے دفاع کے لیے موجودہ عسکری قیادت اور مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔وفاقی وزیر نےکہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں پائیدار امن کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع پر یقین رکھتا ہےتاہم پوری قوم ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی، جمہوری اقدار، قانون کی حکمرانی اور مضبوط ادارے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ شہداء کی قربانیوں سےرہنمائی حاصل کرتے ہوئے ہمیں ایک مضبوط، خوشحال اورمستحکم پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔وفاقی وزیر نے شہداء کے درجات کی بلندی، غازیوں کی سلامتی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔







