وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ستمبر 1965ء میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے قومی فضائی حدود کے دفاع کے لیے بے مثال جوش، عزم اور بہادری کا مظاہرہ کیا، جبکہ عظیم شہداء کی لازوال قربانیاں قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔
ستمبر 1965ء میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جُوش و ولولہ اور عزم نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا، وزیراعظم شہبازشریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستمبر 1965ء میں پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جُوش و ولولہ اور عزم نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا،عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔
اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے یومِ فضائیہ پرجاری پیغام کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ یومِ فضائیہ کے یادگار موقع پر میں پاک فضائیہ کے تمام افسران اور جوانوں کو انکی پیشہ ورانہ تاریخ کے دوران شاندار کارکردگی پر دِلی خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں،پاک فضائیہ نے بلاشبہ گزشتہ کئی دہائیوں سے فضائی معرکوں میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے جس نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت و بہادری کے ساتھ لبیک کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ستمبر 1965ء میں پاکستان کی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے شاہینوں کے جُوش و ولولہ اور عزم نے انہیں فضاؤں کی وسعتوں میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بلاشبہ، ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہمارے لیے قومی اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی جذبے کے تسلسل میں گزشتہ سال مئی 2025ء میں، جب جارح نے ایک بار پھر ایک پُرامن ملک کو چیلنج کیا تو پاک فضائیہ نے پاک افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معرکہ حق کے دوران جرأت مندانہ قیادت، غیر معمولی جنگی مہارت، بہترین منصوبہ بندی اور حالیہ برسوں کی جامع حکمتِ عملی کے تحت جدیدیت اور خود انحصاری کے ذریعے حاصل کی گئی کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے منظم اور مؤثر استعمال سے دشمن کو شکست دی۔ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے ایک بار پھر تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا مقابلہ کرنے کی اپنی شاندار روایت کو برقرار رکھا، جو ہمیشہ سے اس کی نمایاں شناخت رہی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس خصوصی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے لیے پیشہ ورانہ کامیابی اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر ممکن چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے ملک کی خودمختاری اور فضائی سرحدوں کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار رہے گی۔







