وزیراعظم کی ہدایت پر نیپال کے لیے انسانی امداد کی کھیپ کھٹمنڈو روانہ

وزیراعظم کی ہدایت پر نیپال کے لیے انسانی امداد کی کھیپ کھٹمنڈو روانہ کر دی گئی۔

اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر حکومتِ پاکستان نے حالیہ تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ نیپال کے امدادی و بحالی کے اقدامات میں معاونت کے لیے 100 ٹن انسانی امداد نیپال روانہ کر دی۔

قومی ادارہ برائے قدرتی آفات (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے تیار کی گئی امدادی کھیپ چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو بھیجی گئی۔اتوار کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق امدادی سامان میں متاثرہ علاقوں کے لوگوں کے لیے خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امدادی سامان روانہ کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان میں نیپال کے سفیر، وزارتِ خارجہ، این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔حکومتِ پاکستان نے کہا کہ یہ امداد مشکل کی اس گھڑی میں حکومت اور نیپال کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور تعاون کا اظہار ہے۔