وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں بلکہ ہر شعبے میں ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔
یومِ دفاع وطن کی حفاظت کے ساتھ ہر شعبے میں ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے، رانا تنویر حسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔6ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یومِ دفاع ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن کی حفاظت صرف سرحدوں پر نہیں، ہر شعبے میں ذمہ داری کا تقاضا کرتی ہے۔
یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنہوں نے وطن کے تحفظ کے لیے اپنا آج قربان کیا، ان کی جدوجہد ہماری آنے والی نسلوں کے محفوظ کل کی ضمانت ہے۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری پیغام میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری کا تقاضا ہے کہ ہم دفاع کے ساتھ غذائی ضروریات میں بھی اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں، ملکی سلامتی اور غذائی تحفظ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے قومی مفادات ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کسان، سائنسدان، محنت کش اور محافظِ وطن سب پاکستان کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں اپنی قومی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام دیتا ہے، وطن سے وفاداری کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریاں دیانت، محنت اور احساسِ قومی کے ساتھ ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں قومی طاقت کا انحصار دفاع کے ساتھ معاشی، زرعی اور غذائی استحکام پر بھی ہے،ہم اپنے وطن کو محفوظ بنانے کے ساتھ اسے معاشی طور پر مضبوط اور غذائی لحاظ سے مستحکم بنانے کے لیے بھی پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قومی ترقی کا سفر اُن قربانیوں سے جڑا ہے جو پاکستان کی حفاظت کے لیے دی گئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ دفاع پر آج ہم پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے محنت، خودکفالت اور قومی خدمت کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔








