اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):پاکستان علما ءکونسل کی اپیل پر جمعہ کو ملک بھر میں یوم استحصال کشمیر منایا گیا۔ خطبات جمعہ میں علماء اور خطبا نے مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وقت قریب ہے جب کشمیریوں اور فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملیں گے اور ہم کشمیر اور فلسطین جائیں گے اور شکرانے کے نفل ادا کریں گے ۔
لاہور میں استحصال کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و متحدہ علماء بورڈ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے ، اوآئی سی ،عرب پارلیمنٹ اور تمام اسلامی ممالک پاکستان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں پاکستان ایٹمی طاقت اور خودمختار ملک ہے امریکہ سمیت تمام ممالک سے برابری کی بنیاد پر تعلقات رکھیں گے جمعہ کے روز مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی حمایت میں قراردادیں منظور کرنے کے علاوہ خطبات میں بھارت کا بھیانک چہرہ قوم کو دیکھایا ہے۔
بھارت پاکستان میں بدامنی پیداکرنا چاہتا ہے یکم محرم سے 10محرم الحرام تک امن وامان کے قیام کیلئے رابطہ سینٹراسلام آباد اور لاہور میں بنائے گئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ علماءبورڈ اور پاکستان علماءکونسل کے زیراہتمام 5اگست یوم استحصال مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے” کشمیر سیمینار“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر علامہ حسین اکبر،مولانا عبدالوہاب روپڑی،حافظ کاظم رضا، مولانا اسداللہ فاروق،علامہ زبیر عابد، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، مولانا محمد خان لغاری، مولانا محمد اسلم صدیقی، مولانا قاری مبشر رحیمی ، مولانا عبد الغفار فاروقی،سمیت علماءکرام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔
حافظ طاہر محمود اشرفی کاکہناتھاکہ مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ امت مسلمہ اورانسانیت کا مسئلہ ہے آج پوری دنیا میں بھارتی مظالم کے خلاف آوازبلندکی جارہی ہے موجودہ حکومت نے صرف آواز بلند نہیں کی بلکہ عملی اقدامات بھی اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت فلسطین کی طرح مقبوضہ کشمیرکے علاقوں میں غیرکشمیری ہندوئوں کو آباد کرنا چاہتاہے اسطرف توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق پر بات کرنے والے لاکھوں کشمیریوں پر تین سال سے لاک ڈائون جاری ہے ہمیں اس حوالے سے ایک منظم تحریک جدوجہد کی ضرورت ہے ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ بھارت چاہتا ہے پاکستان میں بدامنی ہو لیکن ہم نے متحد ہوکر اس کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہے محرم الحرام کے سلسلے میں علما ءومشائخ کے وفود امن وامان کے قیام کیلئے مختلف شہروں میں دورے کررہے ہیں یکم محرم سے 10محرم الحرام تک امن وامان کے قیام کیلئے رابطہ سینٹربھی بنا دئیے گئے ہیں جو 24گھنٹے کام کر رہے ہیں۔