فیصل آباد۔ 06 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ یوم دفاع ملکی تاریخ کا روشن باب ہے،قوم دشمن کو شکست دینے پر ستمبر 1965 کی جنگ کے شہداوغازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1965کی جنگ کے شہدا وغازی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں جبکہ ستمبر 1965 کی جنگ ملک کی دفاعی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس میں افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے بہادری، ہمت اور حوصلے کی لازوال داستانیں رقم کیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج یہ عہد کرنا چاہیئے کہ ملک کے دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کی طرح یوم فضائیہ بھی پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے کیونکہ7 ستمبر1965کو پاک فضائیہ نے وہ ناقابل فراموش کارنامے سرانجام دیئے جنہیں دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ناز ہے جنہوں نے جنگ ستمبر کے موقع پر دشمن کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا اور پاکستان کے شاہینوں نے نہ صرف جرات، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں بلکہ پاک فصائیہ کے جاں بازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کوعبرتناک شکست سے دوچار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور قوم بھی1965والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اسی عزم کی تجدید کا دن ہے کہ جس جذبے کا مظاہرہ جنگ ستمبر میں کیا گیا تھاہم اب بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنےملکی وقومی سلامتی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ارض پاکستان کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر نے والے جوانوں کو سلام پیش کرنے سمیت ان کی مستقبل میں بھی کامیابیوں کے لئے دعاگو ہیں۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد، نائب صدر محمد اسلم بھلی اور دیگر عہدیداران و ممبران بھی موجود تھے۔