یوم عاشور کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں،بیرسٹر دانیال چوہدری

یومِ عاشورہ: عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی، بیرسٹر دانیال چوہدری

راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں یوم عاشور کے موقع پر عزاداروں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اور پرامن ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔

جمعہ کو وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے رکن پنجاب اسمبلی ضیاء اللہ شاہ کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر "پرامن محرم الحرام، اخوت، رواداری اور احترام کے ساتھ” کے سلوگن کے تحت راولپنڈی شہر میں عزاداروں کی سہولت کے لیے قائم سبیلوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے سبیلوں پر عزاداروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ عزاداروں کی خدمت کو عبادت سمجھتے ہوئے تمام سہولیات بلا تعطل جاری رکھی جائیں تاکہ جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والے افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بھائی چارے، مذہبی ہم آہنگی، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر صفائی ستھرائی، طبی امداد، ٹریفک مینجمنٹ، ہنگامی خدمات اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت میسر آ سکے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں حق، انصاف، صبر، ایثار، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ابدی درس دیتی ہیں اور امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یوم عاشور کے دوران انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، مقررہ ضابطہ اخلاق پر عمل کریں اور امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

مزید خبریں