یونیسف کے وفد کی سی ای او ڈبلیو ایس ایس پی ڈاکٹر حسن ناصر سے ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور بارے تبادلہ خیال کیا

214
یونیسف

پشاور۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):یونیسف کے وفدنے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر سے ملاقات کی،

وفد کی قیادت یونیسف پاکستان کے واش منیجر اتسورو تاکاہاشی نے کی جس میں یونیسف کے واش سپیشلسٹ برائے خیبر پختونخوا سجاد اکبر اور واش آفیسر رحمٰن اللہ شامل تھے۔ ڈاکٹر حسن ناصر اور ڈبلیو ایس ایس پی کے جنرل منیجر پلاننگ، مانیٹرنگ، ایوالو ایشن اینڈ رپورٹنگ سید ضمیر الحسن نے انہیں ڈبلیو ایس ایس پی کے مینڈیٹ، پانی وصفائی اور آپریشنل امور، ممکنہ تعاون کے شعبوں سیوریج لائنوں ونالیوں کی تعمیر، سکشن ٹرکس، گراؤنڈ واٹر مانیٹرنگ، بارانی پانی کے استعمال، ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی،عملے کی استعداد کار،

گرین فنڈ، ہائیڈرالک ڈیزائن،زیر زمین پانی کی سطح کا پتہ چلانے کے لئے واٹر سینسراور دیگر بارے بریفنگ دی ۔ وفد کو بتایا گیا کہ ڈبلیو ایس ایس پی شہری خدمات کی فراہمی کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ،کوڑا کرکٹ کی ری سائیکلنگ اور اسے توانائی میں تبدیل کرانے منصوبہ بندی کر رہی ہے، آلودہ اور استعمال شدہ پانی کی ٹریٹمنٹ کے لئے پانچ ٹریٹمنٹ پلانٹس کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں سے حکومت نے ایک کی منظوری دے دی ہے۔

بارانی پانی سڑکوں پر امڈ آنے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے فوری بنیادوں پر سکشن مشینوں کی ضرورت ہے ڈبلیو ایس ایس پی یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے، دریاؤں کے پانی کو پینے کے لئے استعمال کرنے کی غرض سے حکومت کو پروپوزل جمع کرا دی ہے، ایک سو سے زائد ٹیوب ویلوں کو خود کار طریقہ کار سے چلانے کے نظام سکیڈا پر منتقل کیا گیا ہے۔ وفد نے ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی کو سراہا اور تعاون کا یقین دلایا۔