سرگودھا۔8دسمبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ، شعبہ سوشل ورک اور ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے اشتراک سے خصوصی افراد کے بارے میں شعور اُجاگر کرنے کیلئے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالے سے منعقد کی کی گئی اس تقریب میں خصوصی افراد نے اپنی پرفارمنسز کے ذریعے خداداد صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے حاضرین سے داد وصول کی۔تقریب میں خصوصی افراد کے درمیان ویل چیئرز، سفید چھڑیاں اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے۔.یونیورسٹی آف سرگودھا میں ہیلپر ایسوسی ایشن کی طرف خصوصی افراد کی مالی معاونت کے لیے ڈونیشن کیمپ بھی لگائے گئے۔ تقریب میں صدر ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ امجد محمود بھٹی، جنرل سیکرٹری شوکت علی سلہری، منیجر ثناگل، آئی سپیشلست ڈاکٹر کنور عثمان سعید، چوہدری ساجد حسین،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن سمیت وکلا، سیاسی،سماجی، صحافتی اور تاجر رہنمائوں کے علاوہ سٹیک ہولڈرز، مختلف رفاہی تنظیموں کے عہدیداران،فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
امجد محمود بھٹی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کا عالمی دن منانے کا مقصد ان کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر کے ایک ارب انسان کسی نہ کسی طرح معذوری کا شکار ہیں جو اپنی زندگی دوسروں کی مدد کے بغیر گزارنے سے قاصر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معذور افراد کسی بھی معاشرے کا اہم حصہ ہوتے ہیں اور دیگر شہریوں کی طرح اپنی زندگی اچھے طریقے سے بسر کرنے کا حق رکھتے ہیں، انہیں صرف خصوصی افراد کا نام دینا ہی کافی نہیں ہے بلکہ ان کے لیے حقیقی معنوں میں خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔
شوکت علی سلہری نے کہا کہ ہیلپر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ سرگودھا عرصہ دراز سے نابینا اور دیگر معذور افراد کیلئے قیام و طعام کے ساتھ ساتھ دینی و دنیاوی تدریس کا مفت انتظام کرتی ہے۔ تنظیم ابتدائی تعلیم کے ساتھ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کی سطح کے نابینا طلباء اور دیگر خصوصی افراد کیلئے ممکنہ سہولیات بھی فراہم کر رہی ہے، معاشرے کے خصوصی افراد کو جدید تقاضوں کے پیش نظر کمپیوٹر کی تربیت اور دستکاری بھی سکھائی جاتی ہے تاکہ وہ اپنے پاؤں پر خود کھڑے ہو سکیں۔اس کے علاوہ انہیں بلا معاوضہ سفید چھڑیاں، ویل چیئر اور قوت سماعت سے محروم افراد کو سننے کے آلات اور علاج معالجہ کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون سے سینکڑوں معذور افراد اپنی روزی خود کماتے ہیں اور انجمن کے تمام اخراجات آپ لوگوں کے تعاون سے ہی پورے کئے جاتے ہیں۔
ڈاکٹر کنور عثمان سعید نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے اور ترقی کے تمام شعبوں میں خصوصی افراد کے حقوق اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ خصوصی افراد معاشرے کا ایک اہم حصہ ہیں جن کا خیال رکھنا، سہولیات فراہم کرنا، معاشرے کا ایک کارآمد شہری بنانا اور زندگی گزارنے کے برابر مواقع دینا حکومت کے ساتھ ساتھ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔