اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورکی تنظیم نو کے لیے کئی نجی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں، یوٹیلیٹی سٹور کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہوگا ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے حوالے سے اپنی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ نے اجلاس میں شرکت کی اور اہم تجاویز پیش کیں۔یوٹیلیٹی سٹورز کے حوالے سے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لئے مشاورت کی گئی۔
یوٹیلیٹی سٹورز کی بندش کے عمل کو تیز کرنے کے لئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین اور آؤٹ لیٹس کی پروڈکٹیویٹی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کی تنظیم نو کے لئے کئی نجی کمپنیاں دلچسپی رکھتی ہیں۔یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے مستقبل کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔