یوکرین میں روس کے اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،ولادیمیر پیوٹن

151
vladimir putin
vladimir putin

ماسکو۔15دسمبر (اے پی پی):روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ یوکرین میں روس کے اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران یوکرین جنگ کے حوالے سے واضح الفاظ میں کہا کہ امن تب ہو گا، جب روس اپنے مقاصد حاصل کر لے گا۔ انہوں نے کہا کہ روس کے مقاصد میں کوئی تبدیلی نہیں آئی جب ہم اپنے اہداف حاصل کر لیں گے تو امن قائم ہو گا۔

روسی صدر نے کہا کہ روس کے یوکرین میں 6لاکھ 17ہزار فوجی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کے ساتھ روس کی جنگ کے تناظر میں مغربی ممالک کی طرف سے ان کے ملک پر لگنے والی پابندیوں کے باوجود ان کا خیال ہے کہ رواں برس روس کی معیشت کی شرح نمو 3.5 فیصد رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹرز ایون گرشکووچ اور سابق امریکی میرین پال وہیلن کی حراست کے حوالے سے روس اور امریکا کوئی حل تلاش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وہ رابطے میں ہیں اور بات چیت جاری ہے ۔

روسی صدر نے امید ظاہر کی کہ ہم کوئی حل تلاش کر لیں گے تاہم امریکا کو بھی ہماری بات سننا چاہیے اور ایسا فیصلہ کرنا چاہیے جو روسی فیڈریشن کے موافق ہو۔ انہوں نے دوبارہ انتخاب لڑنے کے اپنے منصوبے کی تصدیق کی۔